اسلام آباد (نیٹ نیوز) نیب لاہور اور راولپنڈی نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف 5 ریفرنسز نیب ہیڈ کوارٹرز کو بھجوادیے ہیں، نیب لاہور نے شریف خاندان کے اثاثے منجمد کرنے اور بینک اکاﺅنٹس فریز کرنے کی سفارش کی ہے جبکہ اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد کرکے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق جمعرات کو نیب لاہور کے ریجنل بورڈ کی خاموشی سے میٹنگ ہوئی جس کی سربراہی ڈی جی نیب لاہور میجر (ر) شہزاد سلیم نے کی۔اجلاس کے بعد نیب لاہور نے شریف خاندان کے خلاف 2 اور اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس تیار کرکے نیب ہیڈ کوارٹر بھجوادیا۔
نیب لاہور نے سفارش کی ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے تمام اثاثے منجمد کیے جائیں جبکہ ان کے بچوں حسن، حسین اور مریم نواز کے اثاثے بھی منجمد کیے جائیں اور ان چاروں افراد کے بینک اکاﺅنٹس بھی فریز کیے جائیں ۔ شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پر تیار کیے گئے ہیں۔ نیب لاہور نے اسحاق ڈار کے خلاف بھی آمدن سے زائد اثاثے رکھنے پر ریفرنس تیار کرکے نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کو بھجوادیا ہے۔ ریفرنس میں سفارش کی گئی ہے کہ اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد کرکے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ نیب لاہور نے 15 روز پہلے ہی شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی لیکن چیئرمین نیب نے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی۔
دوسری جانب نیب راولپنڈی کابھی ایک اجلاس ہوا جس کے بعد 2 ریفرنسز نیب ہیڈ کوارٹر کو بھجوادیے گئے۔ نیب راولپنڈی نے شریف خاندان کے خلاف ایک ریفرنس عزیزیہ سٹیل مل کی خریداری کے حوالے سے تیار کیا گیا ہے جبکہ دوسرا ریفرنس شریف خاندان کی ملکیتی کمپنیوں کے بارے میں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ہیڈ کوارٹر کو پانچوں ریفرنسز موصول ہوگئے ہیں جس کے بعد چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوگا جس میں ریفرنسز کی حتمی منظوری دی جائے گی۔ ریفرنسز منظور ہونے کے بعد یہ احتساب عدالت میں دائر کیے جائیں گے۔
Load/Hide Comments