ساہیوال، عارف والا بائی پاس پر نشے میں دھت جوڑوں کی موج مستی

ساہیوال(بیورورپورٹ)عارفوالا بائی پاس نائٹ کلب کی شکل اختیار کر گیا۔ شراب کے نشہ میں دھت جوڑے قومی شاہراہ پر موج مستی کرتے رہے۔ پولیس عوام میں گھل مل گئی۔ عارفوالا بائی پاس پر واقع فائیو سٹار ہوٹل میں رنگ و نور کا سیلاب اُمڈآیا۔ زرق برق لباس میں ملبوس نوجوان خواتین شراب کے نشہ میں دھت بگڑے رئیسوں کی نگاہوں کا مرکز بنی رہیں۔ جذبات کو مشتعل کرنے والے بھڑکیلے لباس پہنے درجنوں خواجہ سرا جوانی اور شراب کے نشہ میں بدمست قومی شاہراہ پر ٹھنڈی ہوا سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ ڈیرہ رحیم پولیس موقع پر پہنچ گئی۔چوکی انچارج آصف نواز تلہ کے ہوٹل انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ شب اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے ایک بڑے خاندان کے بگڑے ہوئے نوجوان عابد کی سالگرہ تھی۔ اوکاڑہ میں بدنامی سے بچنے کیلئے ساہیوال کا انتخاب کیا گیا۔ عابد کے ایک دوست نے مقامی پولیس کو سنبھالنے کی ذمہ داری لے رکھی تھی۔ رئیس زادے عابد نے ملک کے مختلف شہروں گجرات، گوجرانوالہ، قصور، لاہور، کراچی سے اپنے قریبی دوستوں کو مدعو کر رکھا تھا۔ شہر کے ایک بدنام شراب فروش سے مختلف برانڈ کی شراب اور بئیر کے کین پیٹیوں میں منگوائے گئے تھے۔ نوجوان مہمانوں کی تفریح طبع کیلئے مہک علی اور دیگر سٹیج آرٹسٹوں کو بک کیا گیا تھا۔ مختلف شہروں سے منتخب کئے گئے نوعمر خواجہ سراؤں کو ویگن بھر کر لایا گیا جنہیں پرفارم کرنے سے پہلے مخصوص مشروب پیش کئے گئے۔ عارفوالابائی پاس پر واقع فائیو سٹار ہوٹل جو کہ فہیم خان مردانہ کی ملکیت بتایا جاتا ہے، کے ڈوگر نامی مینجر نے بھاری رقم کے عوض مطلوبہ انتظامات کئے۔ رات بارہ بجے کا گھنٹہ بجتے ہی قیمتی گاڑیوں میں سوار نوجوان لڑکے لڑکیوں اور خواجہ سراؤں نے مغربی دھنوں پر سرعام رقص شروع کردیا جس پر ہوٹل انتظامیہ نے احتیاطی تدبیر کے طور پر بیرونی لائیٹس بند کرتے ہوئے مکمل بلیک آؤٹ کردیا۔ ہلے گلے کی اطلاعات پر چوکی انچارج آصف نواز تلہ اہلکاروں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پروگرام آرگنائزر، ہوٹل انتظامیہ اور پولیس کے درمیان مذاکرات کے بعد لگ بھگ ایک درجن قیمتی گاڑیوں اور خواجہ سراؤں کی کوچ اپنے لوازمات لے کر اوکاڑہ کی جانب روانہ ہوگئی۔ چوکی انچارج سب انسپکٹر آصف نواز تلہ کے مطابق سالگرہ اور ڈانس پارٹی کے پروگرام کو بروقت ناکام بنا دیا گیا اور جوڑوں نے شراب نہیں پی رکھی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں