ساہیوال، متوقع سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں: کمشنر

ساہیوال (ایس این این)کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمن نے کہا ہے کہ انتظامیہ نے متوقع سیلاب کے پیش نظر عوام کی جان و مال کے تحفظ کا مکمل بندوبست کر لیا ہے اور تحصیل دیپالپور،پاکپتن اور عارف والا میں مقامی انتظامیہ عوام کو فوری امداد فراہم کرنے کے لئے تیار رہے -انہوں نے کہا کہ متاثرہ ہونے والے ہر شخص کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضروری ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں تمام قسم کی ادویات،ویکسینشنز،کھانے پینے کی وافر اشیاء اور جانوروں کے چارے کی دستیابی کو بھی یقینی بنادیا گیا ہے -انہوں نے یہ بات اوکاڑہ اور پاکپتن کے دریائے ستلج میں آنے والے متوقع سیلابی ریلے سے متاثرہ ہونے والے دیہات کے تفصیلی دورے کے دوران عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہی -ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ مریم خان اور ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمد کمال مان بھی ان کے ہمراہ تھے-انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے چھوڑے گئے پانی سے دریائے ستلج میں نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے جس سے دریا سے متصل آبادیاں زیر آب آ سکتی ہیں -انتظامیہ نے سیلاب کی صورت میں عوام کے فوری انخلاء کے ساتھ ساتھ لائیوسٹاک کی حفاظت کا بھی مکمل انتظام کر لیا ہے -کمشنر ندیم الرحمن نے دونوں اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ فلڈ ریلیف مراکز میں تمام متعلقہ محکموں کے ذمہ داران افسران کی حاضری کو بھی یقینی بنائیں تا کہ عوام کو ہر ممکن امداد یقینی بنائی جا سکے –

اپنا تبصرہ بھیجیں