انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ انڈین حکومت جموں و کشمیر کو غزہ کی پٹی کی طرح بنانا چاہتی اور کشمیر کے ساتھ وہی سلوک کرنا چاہتی ہے جو اسرائیل فلسطین کے ساتھ کر رہا ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی جانب سے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کو انڈین آئین میں دیے جانے والے خصوصی درجے اور اختیارات کو ختم کرنے کے اعلان کے بعد بی بی سی کے لیے آتش تاثیر سے خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن انڈیا کی جمہوریت کے لیے سیاہ ترین دن ہے۔
انڈین وزیرِ داخلہ کی جانب سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے اعلان پر ان کا کہنا تھا کہ انھیں یہ سن کر بہت دھچکا لگا ہے۔’ میرے خیال میں آج کا دن انڈیا کی جمہوریت کے لیے سیاہ ترین دن ہے اور ہماری سیاسی قیادت، جنھوں نے دو قومی نظریے کو رد کرتے ہوئے سنہ 1947 میں انڈیا کے ساتھ ایک امید لیے الحاق کیا، اب ایسا لگتا ہے کہ ہم پاکستان پر انڈیا کو ترجیح دینے میں غلط تھے۔ حتیٰ کہ پارلیمنٹ بھی جو انڈیا میں جمہوریت کا مندر ہے وہ بھی ہمیں مایوس کر رہی ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انھیں کشمیر کا علاقہ چاہیے وہ یہاں کے عوام کے لیے فکرمند نہیں ہیں۔ اب ہم کہاں جائیں، وہ لوگ کہاں جائیں جو اقوام متحدہ میں انصاف کے لیے جاتے تھے۔ میرے خیال میں اس یکطرفہ فیصلے کے برصغیر پر دور رس اور تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔‘
اس سوال کے جواب میں کہ حکومت کا آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بنیادی مقصد کیا ہے، پی ڈی پی کی رہنما کا کہنا تھا کہ انہیں کوئی شک نہیں ہے کہ انڈین حکومت کے عزائم ناپاک ہیں۔
