ساہیوال، میٹرنٹی ہسپتال کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ

ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے میٹرنٹی ہسپتال کے ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافے کی منظوری دیدی ہے جس کے مطابق ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں 10فیصد جبکہ پیرا میڈیکل سٹاف کی تنخواہوں میں 15فیصد اضافہ ہو گا -ا س کے علاوہ آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ رفاقت جاوید اور مڈ وائف جویریہ حسین کو اپریل تا جون 2019میں بہترین کارکردگی پر 5،5ہزار روپے اضافی انعام اور سرٹیفکیٹ دینے کی بھی منظوری دی گئی -انہوں نے ان اقدامات کا اعلان ہسپتال کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے اجلاس میں کیا جس میں وائس چیئر مین پیر احسان الحق ادریس اور ایڈمنسٹریٹر چوہدری نفیس صادق کے علاوہ ممبران پروفیسر قمرا لزمان خان،چوہدری سلطان محمود،رانا وسیم اختر،ضیاء الرحمن،حاجی تاج دین انصاری،حاجی نذیر احمد،چوہدری محمد نسیم،جاوید مشتاق فرشتہ اور مسز شاد مسعود نے بھی شرکت کی -انہوں نے ہسپتال کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی سہولت کے لئے فوری طور پر بلڈ بنک قائم کیا جائے اور ہسپتال کو ہیلتھ کیئر کمیشن سے رجسٹریشن کے لئے بنچ مارک کو بھی جلد پورا کیا جائے -اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر چوہدری نفیس صادق نے بتایا کہ ہسپتال میں طبی سہولیات میں اضافے کی بدولت مریضوں کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور فرشتہ فیملی کی طرف سے اگلے 2ماہ میں نئے بلاک کی تعمیر مکمل کرنے کے وعدے کے بعد اس شرح میں مزید اضافہ ہو گا -جس پر ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں سہولیات کے اضافے کو بھی یقینی بنایا جائے -انہوں نے میٹرنٹی ہسپتال میں اضافی بلاک بنانے پر فرشتہ فیملی کی خدمات کو بھی سراہا -اجلاس میں مختلف میڈیکل ٹیسٹ کی شرح میں ردوبدل کی بھی منظوری دی گئی تا کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی دستیابی جاری رہ سکے جبکہ عطیات کے حصول کے لئے ڈونرز کانفرنس کی بھی اجازت دی گئی –

اپنا تبصرہ بھیجیں