ساہیوال، نامعلوم افراد رکشہ ڈرائیور کو بے ہوش کر کے رکشہ لے اڑے

ساہیوال(ایس این این) نامعلوم نوجوانوں نے رکشہ ڈرائیور کو بے ہوش کر کے رکشے سے محروم کر دیا۔پولیس کی جانب سے واقعے کی رپورٹ درج کرنے میں لیت و لعل سے کام لیا جانے لگا۔ میرا رکشہ برآمد کیا جائے، نوجوان کے والد کی فریاد۔ تفصیل کے مطابق 136 نائن ایل ساہیوال کے رہائشی کبیر احمد کا بیٹا بیرون لاری اڈہ فیصل موورز ٹریمنل کے باہر سواریوں کے انتظار میں کھڑا تھا کہ ایک نوجوان اسے اپنے ہمراہ ہڑپہ کچی آبادی سے سواریاں لینے کے بہانے ہڑپہ لے گیا اور اپنے ساتھیوں کی مدد سے نشہ آور مشروب پلا کر بے ہوش کر دیا۔کبیر احمد کے مطابق اس کے بیٹے کو دوسرے روز ہوش آیا تو اس نے تھانہ ہڑپہ میں واقعے کی رپورٹ کروانے کی کوشش کی مگر ایس ایچ او اور تھانے کا عملہ ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے۔ کبیر احمد نے حکام بالا سے داد رسی کی درخواست کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں