ساہیوال، مقررہ تاریخ کے بعد میٹر ریڈنگ، واپڈا صارفین کو بھاری بل موصول

ساہیوال(ایس این این) میپکو نے صارفین پر بجلی گرا دی۔جون کے بلز میں اوور بلنگ۔5 جولائی کی بجائے 10 جولائی کو ریڈنگ کی گئی۔ مقررہ تاریخ کے بعد استعمال ہونے والے یونٹ پیک یونٹس کی صورت میں بل میں ڈال دئیے گئے۔ شہری پریشان۔ تفصیل کے مطابق میپکو کی مجرمانہ غفلت سے ہزاروں صارفین کو اوور بلنگ کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہر ماہ صارفین کو دو سو سے لے کر بارہ ہزار تک زائد یونٹس ڈال دیے جاتے ہیں جن کا بل ادا کرنا ان کی پہنچ سے باہر ہے۔بل کی عدم ادائیگی پر میٹر کاٹ کر صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔مختلف علاقوں میں مقررہ تاریخ کی بجائے پانچ، چھے دن تاخیر سے ریڈنگ کی جاتی ہے۔ اس طرح صارفین کی جانب سے استعمال کی گئی بجلی کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔ ایک صارف کی جانب سے بھیجے گئے بل میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بل پر ریڈنگ کی مقررہ تاریخ 5 جولائی تحریر ہے مگر میٹر ریڈر کی جانب سے واپڈا کو بھیجی گئی ریڈنگ کی تصویر پر 10 جولائی درج ہے۔

جون اور جولائی کے ماہ میں ہر سال یہی کارروائی کی جاتی ہے اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے چوری ہونے والی بجلی کا بوجھ بھی عام صارفین پر ڈال دیا جاتا ہے۔ صارفین نے اعلی حکام سے اپیل کی ہےکہ میپکوعملہ کی زیادتیوں سے نجات دلائی جائے اور مقررہ تاریخ پر ریڈنگ کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں