ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر محمدزمان وٹونے کہا ہے کہ ساہیوال میں شہریوں کو انتظامی امور کے حوالہ سے فوری انصاف و ریلیف مہیا کرنے کے لئے گراس روٹ لیول پر کھلی کچہریاں منعقد کی جا رہی ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر تمام محکمے شہریوں کو سماجی و معاشی انصاف کی فراہمی کے لئے منظم اور جامع انتظامی میکنزم کے تحت کھلی کچہریوں کے فورم کے ذریعے شہریوں کی داد رسی کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی ایم اے ہال چیچہ وطنی میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران عوامی مسائل و شکایات پر احکامات جاری کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر)محمد علی ضیاء،اسسٹنٹ کمشنر عابدکلیاراور صوبائی محکموں کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کھلی کچہریوں کو ہفتہ وار انعقاد حکومتی پالیسی کا حصہ ہے جس میں تمام وفاقی و صوبائی محکموں کو شرکت یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں تاکہ عوام کے مسائل مزید تیزی سے حل کرتے ہوئے انہیں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنرنے کھلی کچہری میں محکمہ انہار، پولیس، میپکو، سوئی گیس، ریونیو سمیت دیگر محکموں سے متعلق شہریوں کے مسائل و شکایات پر مبنی درخواستوں پر متعلقہ محکموں کے افسران سے قواعد و ضوابط کے تحت میرٹ پر محکمانہ کاروائی کے بعد ایک ہفتہ میں عملدرآمد رپورٹ فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے۔
