ساہیوال(نامہ نگار)محمدسجاداسلم سی ای اوایجوکیشن ساہیوال تعینات،چارج سنبھال لیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پرنسپل گورنمنٹ ہائرسیکنڈری سکول رینالہ خورد محمدسجاداسلم کوچیف ایگزیکٹوآفیسرڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ساہیوال تعینات کردیاہے ۔محمد سجاداسلم کا آفس پہنچنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک انعام رسول،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک شفیق اعوان ودیگرسٹاف نے استقبال کیااورانہیں ساہیوال بارے بریفنگ دی۔بعدازاں ایجوکیشن افسران سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹیچنگ کوالٹی، سکولوں میں سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، سکولوں میں دستیاب نان سیلری فنڈز کو سہولیات کی فراہمی کے لئے شفاف انداز سے استعمال کیا جائے، ڈپٹی ڈی اوز اور اے ای اوز کے سکولوں میں وزٹ کے نتائج کوالٹی آف ایجوکیشن اور سہولیات کی فراہمی کی صورت میں نظر آنے چاہیے، محض کاغذی کاروائی کے لئے سکولوں کے دورے ناقابل قبول ہیں ، متعلقہ تحصیل کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن اور اے ای اوز سے براہ راست کارکردگی بارے پوچھا جائے گا، ناقص کارکردگی پر سزا اور بہتر کارکردگی پر انعامات سے نوازا جائے گا۔سی ای اونے تمام اے ای اوز کو ہدایت کی کہ حکومت نے جو ذمہ داریاں اور اختیارات تفویض کیے ہیں انہیں اداروں کی بہتری کے لئے استعمال کریں ۔ سکولوں کے دورہ کے دوران درپیش مسائل بارے فوری طور پر متعلقہ افسرکو آگاہ کریں۔
