ساہیوال، انٹر میڈیٹ امتحانات کے انتظامات مکمل

ساہیوال(بیورورپورٹ)تعلیمی بورڈ ساہیوال کے کنٹرولرامتحانات ڈاکٹرحافظ فداحسین نے کہاہے کہ 6مئی سے شروع ہونیوالے انٹرمیڈیٹ امتحان سالانہ 2019؁ء کے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔چیئرمین بورڈ راناعبدالشکورکی سربراہی میں امتحانات کی شفافیت ،بوٹی مافیاکاخاتمہ ،امتحانی مراکز میں ناجائز ذرائع اوربدعنوانی کوختم کرنے کیلئے ایماندارعملہ تعینات کیاگیاہے۔انہوں نے یہ بات اپنے دفترمیں ریسرچ اینڈ کوآرڈی نیشن آفیسر محمد منیر خاں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ انٹرمیڈیٹ کے پہلے مرحلے میںجماعت بارہویںکے44ہزار387طالب علم حصہ لیں گے ان طالب علموں کیلئے ساہیوال ،اوکاڑہ اورپاکپتن کے اضلاع میں کل136امتحانی مراکزقائم کئے گئے ہیںجبکہ33سنٹرز کوحساس قراردیاگیاہے۔تینوں اضلاع میںسی ای اوزایجوکیشن کے زیراہتمام کنٹرول روم بھی قائم کردیئے گئے ہیںجبکہ مرکزی سطح پر کنٹرول روم چیئرمین بورڈ،ڈی سی،ہائرایجوکیشن اورہوم ڈیپارٹمنٹ کے دفاترمیں قائم کیے گئے ہیں جہاں کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے عملہ ہمہ وقت موجود رہے گا۔انہوں نے کہاکہ امتحانات کے شفاف انعقاد کیلئے امتحانی عملے کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تربیت فراہم کرکے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔بوٹی مافیاکوختم کرنے،اندرونی وبیرونی ماحول کو پرامن وپرسکون بنانے کیلئے امتحانی مراکز کی حدود میں دفعہ144کانفاذ ہوچکاہے۔انہوں نے مزید کہاکہ امتحانات کے شفاف انعقادکیلئے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ،ڈی پی اوزاورسی ای اوز امتحانی مراکز کی اچانک انسپکشن کریں گے جبکہ غیرمتعلقہ افرادکاامتحانی سنٹرمیں داخلہ ممنوع قراردیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ امتحانات کے پرامن انعقاد کیلئے بورڈ کی طرف سے سکیورٹی گارڈزبھی تعینات کئے گئے جبکہ مقامی پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں