ساہیوال (SNN)کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ ڈویژنل پبلک سکولز معیاری تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں او رانتظامیہ ان کی تمام ضروریات پوری کرنے اور نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہے -ساہیوال میں سکول کی ای اور برانچ کے قیام کے لئے 15ایکٹر سرکاری اراضی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا جس سے سکول پر داخلوں کے بے پناہ دباؤ سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی -انہوں نے یہ بات ڈی پی ایس چیچہ وطنی میں ساہیوال ایجوکیشن ٹرسٹ کے بورڈ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈینیشن محمد زاہد اکرام،پرنسپل بریگیڈیئر (ر)سید انوارالحسن کرمانی،وائس پرنسپل چیچہ وطنی کیمپس محمد مدثر اور بورڈ ممبران پروفیسر قمر الزمان خان،چوہدری سلطان محمود،سید افتخار حسین شاہ،شیخ محمد یونس اور میاں محمد صدیق کمیانہ ایڈیوکیٹ نے بھی شرکت کی -انہوں نے راوی کیمپس کی 15ایکٹر اراضی کے علاوہ ڈی پی ایس ساہیوال کی 61ایکٹر اور ڈی پی ایس چیچہ وطنی کی 7ایکٹر اراضی کی لیزکو مزید بڑھانے کی بھی یقین دہانی کرائی -پرنسپل بریگیڈئیر (ر) سید انوار الحسن کرمانی نے بتایا کہ چیچہ وطنی کیمپس نے پچھلے 10سالوں میں بے پناہ نصابی و ہم نصابی ترقی کی ہے اور 2018کے بورڈ امتحانات میں سکول کی طالبہ جویریہ نے 1083نمبر حاصل کر کے ساہیوال بورڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ میٹرک امتحانات میں شریک 264طلبا و طالبات میں سے تمام کامیاب ہونے اور 172نے اے پلس گریڈ حاصل کیا اسی طرح انٹرمیڈیٹ امتحانات میں 140طلبا و طالبات شریک ہونے والے تمام کامیاب ہوئے اور ان میں سے 32نے اے پلس گریڈ حاصل کیا -کمشنر عارف انور بلوچ نے سکول کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکومت کی پالیسی کے مطابق تعطیلات کے دوران سمر کیمپ لگانے کی بھی منظوری دی -اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈی پی ایس سکولوں کی طرف سے سہ ماہی میں فیس وصول کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاہم جو والدین یا سر پرست ماہانہ فیس جمع کروانے کی درخواست دے گا اسے ماہانہ فیس کی سہولت فراہم کر دی جائے گی-
