ساہیوال(ایس این این) وزیر اعلیٰ پنجاب کا ممکنہ دورہ ساہیوال، اساتذہ کو اتوار کے دن بھی سکول کھلے رکھنے کا ہنگامی حکم نامہ، مرد وخواتین اساتذہ دن بھر خوار ہوتے رہے. تبدیلی سرکار کے سارے دعوے ٹھس ہو گئے. کلاس فور کے ملازمین نہ ہونے کے باوجود اساتذہ کو سکول صاف ستھرا رکھنے کا حکم. تفصیل کے مطابق 29 اپریل کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے ممکنہ دورہ ساہیوال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں کی مرمت کے احکامات تو جاری کیے ہی گئے تھے. شہر بھر کے سرکاری تعلیمی ادارے بھی کھلے رکھنے کا حکم جاری کر دیا گیا. ایجوکیشن آفس کی جانب سے مرد وخواتین اساتذہ کو پورے سٹاف کے ساتھ اتوار کے روز بھی سکول میں حاضر رہنے کا حکم دیا گیا تھا. شدید گرمی میں مرد وخواتین اساتذہ سکول کھول کر بیٹھے رہے. کلاس فور کے ملازمین کی غیر موجودگی میں اپنی مدد آپ کے تحت سکولوں کی صفائی کی گئی. ساہیوال بھر کے اساتذہ نے تبدیلی کی دعوے دار حکومت کے اس عمل پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے سابقہ حکومتوں کی روایتی پالیسی قرار دیا ہے.
