Featured Video Play Icon

ساہیوال، نجی کالج کا معذور طالبہ کے ساتھ دھوکا

ساہیوال(ایس این این ) ساہیوال کے نجی تعلیمی ادارے نے طلبا کا مستقبل داؤ پر لگا دیا. معذور طالبہ کو بی ایس سی ایس میں داخلے کا جھانسا دے کر لوٹ لیا گیا. بی ایس سی ایس کی تیاری کے بعد امتحانات کے لیے کسی اور فیکلٹی کی ڈیٹ شیٹ تھما دی گئی. تفصیلات کے مطابق متاثرہ طالبہ نور فاطمہ پیدائشی معذور ہے لیکن اس نے کبھی اپنی معذوری کو آڑے نہیں آنے دیا اور بڑے حوصلے سے تعلیمی سلسلہ جاری رکھا،انٹر تک کی تعلیم وہیل چیئر پر ہی بیٹھ کر حاصل کی،انٹر کے بعد نور فاطمہ نے اپنا تعلیمی سفر جاری رکھنا چاہا لیکن بدقسمتی سے اسے سپیرئیر کالج ساہیوال کی انتظامیہ نے اسے سبز باغ دکھا کر اپنے چنگل میں پھانس لیا،حالانکہ مذکورہ کیمپس کا کسی یونیورسٹی سے الحاق ہی نہیں ہے،معذور طالبہ کو بتایا گیا کہ اس کا داخلہ اس کی پسند کے مطابق بی ایس سی ایس کی ڈگری کے لیے ہوچکا ہے لیکن جب سال بعد امتحانات کا موقع آیا تومعذور طالبہ یہ دیکھ کر چکرا گئی کہ اس کی منتخب کردہ ڈگری کی بجائے کسی اور ہی شعبہ کی ڈیٹ شیٹ زیر رول نمبر7351050 اسے تھمادی گئی ہے،صرف اس پر ہی بس نہیں معذور طالبہ کی معذوری کے باوجود اس کو امتحانات کے لیے عارف والا کے دور دراز کسی سینٹر کا بتایا گیا،ڈیٹ شیٹ پر واضح طور غیرمنتخب ڈگری کانام عارفوالا کے نجی کالج کا ایڈریس اور رجسٹریشن نمبر 2018-GCUF-075989دیکھا جاسکتا ہے.

بچی کے والدین شدید پریشانی کے عالم میں کیمپس پہنچے تو انہیں ناروا سلوک کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں بتایا گیا کہ آپ کی بچی کو معذوری کے باوجود سینکڑوں کلومیٹر کا سفر طے کرکے ہی جانا پڑے گا،لیکن یہ مظلوم طالبہ سینکڑوں کلومیٹر تو دور کی بات چند کلومیٹر بھی مشکل سے ہی طے کرسکتی تھی،ایسے میں وہ امتحان دینے کیسے جاتی،نتیجتاً وہ امتحان دینے سے رہ گئی اور اس کا ایک سنہری اور قیمتی سال ضائع ہوگیا.معذور طالبہ نے نہ صرف اعلی حکام سے اس سارے معاملے کا نوٹس لیکر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے بلکہ یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ اس کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچانے کے لیے ساہیوال میں اس کے پیپرز دوبارہ سے لیے جائیں تاکہ اس کے حسین مستقبل کا خواب پورا ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں