ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں زیر تعمیر ایمرجنسی بلاک کو جون تک مکمل کر کے ہسپتال میں ایمرجنسی کی جدید سہولیات فراہم کر دی جائیں گی جہاں زیادہ سے زیادہ مریضوں کو فوری علاج دستیاب ہو گا -ہسپتال کے وسائل کی نسبت مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہے جس سے علاج معالجہ میں شدید مشکلات در پیش ہیں،377بیڈز کی گنجائش والے ہسپتال میں 596مریض داخل ہیں -یہ بات ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شاہد نذیر نے ایک خصوصی ملاقات میں بتائی -صدرڈویژنل پریس کلب پیر سید طمطراق محاسن شاہی اورڈویژنل انفارمیشن سیکرٹری ملک دلاور سلطان ڈھکو بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی اور ان ڈور میں تمام مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی جاری ہے اور محدود مالی وسائل کے باوجود مریضوں کی دیکھ بھال پر پوری توجہ دی جا رہی ہے -حکومت کو با ر بار ہسپتال کے بجٹ میں مریضوں کی تعداد کے مطابق اضافے کی سفارش کی گئی ہے تاہم ابھی تک کامیابی نہیں مل سکی -انہو ں نے آؤٹ ڈور مریضوں کے رش کے حوالے سے بتایا کہ ہسپتال میں روزانہ ڈھائی سے تین ہزار مریض معائنے کے لئے آتے ہیں جبکہ 500کے قریب روزانہ داخل کئے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے مریضوں کو کچھ دیر انتظار کرنا پڑھ رہا ہے،انتظامیہ کی کوشش ہے کہ پرچی کے اجراء کے لئے علیحدہ کیبن بنائے جائیں تا کہ آؤٹ ڈور میں رش کو کم کیا جا سکے -ڈاکٹر شاہد نذیر نے مزید بتایا کہ جون 2018تک مکمل ہونے جانے والا ایڈیشنل بلاک ابھی تک فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے زیر تعمیر ہے جس کے مکمل ہونے سے ہسپتال کے بہت سے مسائل حل ہونگے تاہم فوری طور پر ایمرجنسی اور بیسمنٹ کو مکمل کرواکر آپریشنل کیا جا رہاہے جبکہ ہاؤس آفیسرز کے ہاسٹل کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے جس سے ڈاکٹروں کی رہائش کا بڑا مسئلہ حل ہو گا اور کسی ایمرجنسی میں ان کی فوری دستیابی ممکن ہو گی -انہو ں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مریضوں کی تعداد کے حساب سے ہسپتال کے عملے میں اضافہ کیا جائے اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو انتظامی اختیارات دیئے جائیں جس سے ہسپتال کی سروس ڈیلوری مزید بہتر ہو گی –
