انصاف میں تاخیر انصاف کا قتل ہے: ڈی پی او

ساہیوال(بیورورپورٹ) ڈی پی او کیپٹن (ر)محمد علی ضیاء نے کہا ہے کہ عوام الناس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔ انصاف میں تاخیر بھی انصاف کے قتل کے مترادف ہے کسی کو مایوس نہیں کریں گے۔ اوپن ڈور پالیسی ہے نہ قطار نہ انتظار میرٹ پر انصاف کی فراہمی سے انسان کے دل میں گھر کرنے کا آسان راستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کے مختلف تھانہ جات کے علاقوں سے آئے ہوئے افراد کی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس عوام کی جان ومال اور عزت و آبرو کی حفاظت کا ذمہ دار ادارہ ہے۔ اس بھاری ذمہ داری کی ادائیگی کے لیے بھر پور محنت کر رہے ہیں اور کوشش ہوتی ہے کہ ضلع کے عوام کواپنی پولیس سے کوئی شکایت اور مایوسی نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ وہ خود اور ضلع بھر کے سرکل پولیس افسران اور ایس ایچ اوز روزانہ کی بنیاد پر عوام کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے اپنی بھر پور صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی انسان کے ساتھ کی گئی بھلائی اور انصاف آپ کو اس کے دل ہمیشہ کے لیے بسا دے گا اورپولیس افسران کے لیے دلوں میں گھر کرنا بہت آسان ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے افراد کی تحریری درخواستیں وصول کیں اور ان کے ازالہ کے احکامات جاری کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں