ٹیکس ادا ئیگی سے غیر ملکی قرضوں سے نجات مل سکتی ہے: ڈی سی ساہیوال

ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ عوام میں ٹیکس دینے کا شعور اجاگر کرنے اور ٹیکس اکٹھا کرنے والے اداروں پر اعتماد کو مضبوط بنانے وقت کی اہم ضرورت ہے تا کہ ہم اپنے وسائل خود پیدا کر کے قرضوں سے نجات حاصل کر سکیں،پنجاب ریونیو اتھارٹی صوبے میں ٹیکس اکٹھا کرنے کا قابل اعتماد ادارہ ہے جس پر صنعت کار اور تاجر اعتماد کرتے ہیں جسے مزید مضبوط بنایا جا نا چاہیے -انہوں نے یہ بات ٹیکس ڈے کے موقع پر پنجاب ریونیو اتھارٹی اور ٹیکس بار ایسوسی ایشن ساہیوال کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں اتھارٹی کے انفورسمنٹ آفیسرز عامر فاروق اور مسعود عتیق خان،ساہیوال بار کے صدر محمد سلیم کو ڈھن،ٹیکس بار کے صدر عاطف فرید اور ساہیوال چیمبر کے صدر سمیت سرکاری افسران،صنعت کاروں،وکلاء،صحافیوں اور تاجر وں کی بڑی تعداد نے شرکت کی -ڈپٹی کمشنر نے ٹیکس اکٹھا کرنے کے نظام کو سہل کرنے کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ عام آدمی محب وطن ہے اور وہ اپنے ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے ٹیکس ادا کرنا چاہتا ہے لیکن پیچیدہ نظام اور خوف کی وجہ سے ٹیکس ادا نہیں کرتا -اداروں اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد کو مضبوط کر کے ہی ٹیکس وصولی کی شرح بڑھائی جا سکتی ہے،پنجاب ریونیو اتھارٹی کے انفورسمنٹ آفیسر ساہیوال عامر فارووق نے کہا کہ اتھارٹی صنعت کاروں اور تاجروں کے تحفظات سے آگاہ ہے اور ان کے تعاون سے ہی ٹیکس وصولی ممکن بنائی جا رہی ہے،وقت کے ساتھ ساتھ اتھارٹی اپنے نظام میں جدت لا رہی ہے جس سے عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو گا -سیمینار کے اختتام پر زیادہ ٹیکس دینے والے افراد میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں –

اپنا تبصرہ بھیجیں