ساہیوال (ایس این این)کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ میلے پنجاب کی ثقافت کی پہچان ہیں او ران کے ذریعے اس دھرتی کی تہذیب و روایات کو دنیا میں اجاگر کرنے میں بڑی مدد ملتی ہے،جشن بہاراں ساہیوال اس دھرتی میں چھپے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے اور عوام کو بہترین تفریح فراہم کرنے کا سنہرا موقع ہے -انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں 3روز جشن بہاراں کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ہونے والے اجلاس میں کہی جس میں آر پی او شارق کمال صدیقی،ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو،ڈی پی او کپیٹن (ر) محمد علی ضیاء،ایڈیشنل کمشنر محمد زاہد اکرام،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان،ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق سلیم،ڈی ای پی ایچ اے خالد منظور اور ڈویژنل سپورٹس آفیسر اکبر مراد کے علاوہ دوسرے متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی -انہو ں نے جشن بہاراں کے بہترین انتظامات کی ہدایت کی اور توقع ظاہر کی کہ 3روز ہ تقریبات سے ساہیوال کے عوام کو بہترین تفریح میسر آئے گی -ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے بتایا کہ میلے میں نیزہ بازی،گھڑ ڈانس،ڈاچی ڈانس،رسہ کشی،میوزک پروگرام،قومی ٹیموں میں والی بال میچ،ہاکی ٹورنا منٹ،مینا بازار،دودھ دینے والے جانوروں میں مقابلے اور عوام کو تفریح کے لئے لکی ایرانی سرکس پروگرام کا حصہ ہیں -انہوں نے ظفر علی سٹیڈیم میں فیملی فیسٹیول منعقد کرنے کے پروگرام کی تفصیلات بھی بتائیں جس میں فوڈ سٹریٹ،مینا بازار اور میوزک کے پروگرام شامل ہونگے-آر پی او شارق کمال صدیقی نے تین روزہ تقریبات کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کا یقین دلایا اور کہا کہ جشن بہاراں کے د وران پولیس کے خصوصی دستے حفاظتی فرائض سر انجام دیں گے –
