ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ شجر کاری کے بغیر ممکن نہیں ہے اور اس سلسلے میں ملک کے ہر ذمہ دار شہری کو اپنا اہم کردارا دا کرنا ہو گا تا کہ آنیوالی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔وہ یہاں ساہیوال آرٹس کونسل میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کی طرف سے گرین اینڈ کلین پنجاب منصوبے کے سلسلے میں منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار میں چیئر مین ضلع کونسل چوہدری زاہد اقبال،ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سید اظہر نقوی، سی ای او ایجوکیشن ذوالفقار علی، اسسٹنٹ کمشنر محمد سیف،معروف مذہبی اسکالرمولانا ضیاء اللہ شاہ بخاری،چیئر مین پی ایچ اے علی شکور چوہدری،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوا ن، ڈپٹی میئر ساجد نعیم ہیپی،مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں اور مختلف اسکولوں کے طلبا ء و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ کرہ ارض کا درجہ حرارت 4 سینٹی گریڈ تک بڑھ چکا ہے جو انسانی زندگی کیلئے ایک خطرے کی گھنٹی ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کا سب سے آسان حل شجر کاری ہے جس کیلئے ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا جس کیلئے سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ شہریوں کو شامل کیے بغیر یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا۔ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان نے بتایاکہ اس منصوبے کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں صفائی،تجاوزات اور شجر کاری شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ سب شہری اپنی گلی محلے کو صاف رکھنے کا عزم کر لیں تو پورے ملک میں صاف ستھرا ماحول میسر آئے گا۔سیمینار سے دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا اور منصوبے کی مذہبی و سماجی اہمیت پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سیمینار کے اختتام پر ایک آگہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جو ساہیوال آرٹس کونسل سے ڈی سی آفس تک کی گئی جس میں مختلف محکموں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔
