چیچہ وطنی(ایس این این) چیچہ وطنی کے ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا، ساہیوال اور بوریوالا کے روٹس پر چلنے والی گاڑیوں کے کرایوں میں 20 سے 30 روپے اضافہ کر دیا گیا، کرایوں میں اضافہ پر ٹرانسپورٹروں اور مسافروں میں جھگڑے روز کا معمول بن گئے۔ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس سرکاری کرایہ نامہ پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہی، کرایوں میں اضافہ پر عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ آر ٹی اوسے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیچہ وطنی کے ویگن مالکان نے مختلف روٹس پر چلنے والی گاڑیوں کے کرایوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا ہے، چیچہ وطنی تا ساہیوال کرایہ 50 روپے سے بڑھا کر 80 روپے کر دیا گیا ہے، میاں چنوں اور بریوالا کے کرائے میں بھی خود ساختہ اضافہ کیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹروں کی من مانیوں اور کرایوں میں خود ساختہ اضافہ پر ٹرانسپورٹروں میں تو تکرار اور لڑائی جھگڑے آئے روز کا معمول بن چکے ہیں۔
