ساہیوال(بیورورپورٹ)کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس میں میڈیا سوسائٹی کے ممبران کے لیے ورکشاپ کا انعقاد۔دورِ حاضر میں سوشل میڈیا نے اہمیت اختیار کر لی ہے جس کی بدولت اداروں کو سوشل میڈیا کے ذریعے معلومات عام عوام تک پہنچانے میں آسانی حاصل ہوئی ہے۔ یہ بات کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس کے ڈائریکٹر پروفیسر سلیم فاروق شوکت نے کامسیٹس میڈیا سوسائٹی کے ممبران کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تربیتی ورکشاپ میں انچارج میڈیا سیل احتشام چشتی اور فوٹوگرافر عظیم انجم نے ممبران کو کیمرے کے استعمال، ویڈیو ریکارڈنگ، پوسٹ پروڈکشن اور رپورٹنگ کے حوالے سے تربیت فراہم کی۔ ورکشاپ کے دوران کیمپس میں فوٹو اور ویڈیو واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس کے دوران طلبا و طالبات نے مختلف تصاویر اور ویڈیوز بنائیں۔ پروفیسر سلیم فاروق شوکت نے کہاکہ کسی بھی ادارے کا پبلک ریلیشن آفس ادارے کی سرگرمیوں کو رپورٹ کرنے اور عام عوام تک پہنچانے میں اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا سوسائٹی کے ممبران کی تربیتی ورکشاپ کا مقصد ان کے ہنر کو مزید نکھارنا ہے تاکہ وہ کیمپس میں ہونے والی سرگرمیوں کو ناصرف بہتر انداز میں ریکارڈ کریں بلکہ رپورٹ بھی کر سکیں۔ ڈپٹی رجسٹرار اور کنوینئر میڈیا سوسائٹی صفدر علی نے اس موقع پر ممبران کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس میں قائم میڈیا سیل قاکامسیٹس میڈیا سوسائٹی کے ساتھ مل کر اپنا کام سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ میڈیا سوسائٹی کے ممبران کے ہنر کو بھرپور سراہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اس سوسائٹی میں کام کرنے والے طلبا و طالبات تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے فوٹوگرافی اور ویڈیو گرافی ہنر کو مزید نکھار رہے ہیں جو آئندہ زندگی میں ان کے کام آئے گی۔
