ساہیوال (بیورورپورٹ)گزشتہ روز وقفہ وقفہ سے شروع ہونے والی بارش دوسرے روز بھی جاری رہی۔بارش کے بعد سبزی وفروٹ منڈیوں میں کیچڑ کے انبار لگ گئے۔ منڈیوں میں سبزی وفروٹ کی خریداری کیلئے آنے والے مردو خواتین سارا دن انتہائی پریشانی کا شکار رہے۔کیچڑ اور پھسلن کے باعث شہریوں کا گزرنا مشکل رہا۔ ساہیوال کے تمام بازاروں میں بھی معمولی کیچڑ رہا اور بازاروں میں لوگوں کی آمدورفت میں نہایت کمی رہی اور تجارتی کام زیادہ تر ٹھپ رہا۔ بارش اور ہوا چلنے کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہو گیا۔ بعض بازاروں میں تاجر کوئلے جلا کر ہاتھ تاپنے میں مصروف رہے۔ بارش سے بعض نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا رہا اور شہریوں کو آمدورفت میں پریشانی رہی۔ زرعی ماہرین کے مطابق موجودہ بارش گندم کی فصل کیلئے نہایت موزوں ہے۔ صحت ماہرین کے مطابق بارش سے مختلف قسم کی بیماریاں ختم ہوں گی اور خشک سالی کا خدشہ بھی ختم ہو گا۔
