ساہیوال، اراضی ریکارڈ سنٹر کی تالہ بندی، سائلین پریشان

ساہیوال(بیورورپورٹ) اراضی ریکارڈ سنٹر پر تالہ بند ی‘ملازمین احتجاج کیلئے لاہور چلے گئے‘ سنٹر آنیوالے سائلین پریشان‘ معطل اراکین کو بحال کرنے کامطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق اراضی ریکارڈ سنٹر ساہیوال میں کرپشن الزامات پر 8ملازمین کوچند روز قبل معطل کردیا تھا جس کے باعث سنٹر کے دیگر ملازمین کام بند کرکے ہڑتال کے لئے لاہور روانہ ہو گئے جہاں وہ دیگر اضلاع سے آنے والے ملازمین کے ہمراہ ناصر باغ احتجاج میں شریک ہوئے۔اراضی سنٹر بند ہونے سے سردی میں دور دراز سے آنیوالے سائلین کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔ معطل ملازمین کا کہنا ہے کہ ان پر کسی قسم کی کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ اگر کوئی الزام ہے تو محکمانہ انکوائری ہونی چاہئے انہیں بغیر محکمانہ انکوائری معطل کرنا ظلم کے مترادف ہے۔ملازمین کا کہناہے کہ 8سال سے کنٹریکٹ پر کام کررہے ہیں انہیں گریڈ 14 پرترقی دیکر مستقل کیاجائے اوردیگر محکموں کی طرح سرکاری الاؤنسز‘ میڈیکل کی سہولیات اور سروس سٹرکچر دیاجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں