ساہیوال (بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان خان بزدار کا ایک روزہ دورہ ساہیوال متوقع‘دورہ کے دوران وہ پاکستان تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی اور پارٹی عہدے داران سے ملاقاتوں کے علاوہ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال بھی جائیں گے۔معتبر ذرائع سے معلوم ہواہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان خان بزدار کا ایک روزہ دور ساہیوال 12جنوری کو متوقع ہے وہ اپنے دورے کے دوران ڈویژنل انتظامیہ کے افسران سے امن و امان اور مختلف محکموں کے جاری ترقیاتی کاموں کے بارے بریفنگ اور محکموں کی کارکردگی کاجائزہ بھی لیں گے۔ دورہ میں وہ پاکستان تحریک انصاف ساہیوال ڈویژن سے متعلقہ ممبران اسمبلی اور پارٹی ضلعی عہدے داران سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعلیٰ دورہ کے دوران ڈی ایچ کیو ٹیچنگ کا ہسپتال بھی جائیں گے۔دریں اثناء کمشنر ساہیوال ڈویژن ساہیوال عارف انور بلوچ کی زیر صدارت ایک اجلاس کمشنر دفترمیں منعقد ہواجس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار خان کے دورہ سے متعلق تیاریوں کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمشنر عارف انور بلوچ نے مختلف محکموں کے ڈویژنل سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے دورہ متعلق تمام تیاریاں کریں اور اپنے اپنے محکموں کے جاری ترقیاتی کاموں اور کارکردگی سے متعلق محکمانہ بریفنگ تیار کرلیں۔
