ساہیوال (بیورورپورٹ)ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام چلڈرن فیسٹیول کا انعقاد ہوا۔بچوں کے اس میلے کا مقصد سردیوں کی چھٹیوں کو خوشگوار بنانا اور نئے سال کو عزم و ہمت کے ساتھ قبول کرنا تھا۔ پروگرام میں کمشنر ساہیوال ڈویڑن عارف انور بلوچ نے بطور مہمان خصوصی اپنی فیملی کے ہمراہ شرکت کی۔کمشنر ساہیوال عارف انور بلوچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی سماجی تربیت کیلئے ثقافتی میلوں کی بہت اہمیت ہے۔میلے ہماری روایات اور اقدار کی ترجمانی کرتے ہیں جن میں لوگ اجتماعیت میں ڈھل کر معاشرتی ہم آہنگی کو پروان چڑھاتے ہیں ہمیں اپنے بچوں کے اجتماعی شعور میں اپنی کلاسیکل روایات اور تہذیبی خوبصورتیاں ڈالنا ہوں گی تا کہ ہماری نئی نسل اپنی روایت کے ساتھ جڑی رہے۔فیسٹیول کے پہلے شو میں پیر سید احسان الحق ادریس نے بطو ر مہمان اعزاز شرکت کی۔انہوں نے آرٹس کونسل کے اس ثقافتی عمل کو بے حد سراہا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے کہا کہ ہمارے عہد کے بچے بستوں اور تعلیم کے الجھے رستوں کی کشمکش میں زندگی کی خوشیوں اور رعنائیوں سے دور ہوچکے ہیں۔ انہیں سماج اور زندگی کے ساتھ جوڑنے کیلئے تفریحی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔آرٹس کونسل نے والدین اور بچوں کی دلچسپی کے پیش نظر چلڈرن فیسٹیول کے دو الگ الگ ثقافتی شو رکھے تا کہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو تفریح اور خوشی کا موقع مل سکے۔پروگرام کو پتلی تماشہ‘میجک شو‘مزاحیہ خاکوں اور مختلف کارٹون کرداروں سے رنگا رنگ بنایا گیا۔والدین نے بھی بچوں کی حقیقی خوشی محسوس کر کے آرٹس کونسل کی اس کاوش کو سراہا۔
