ساہیوال(ایس این این)ساہیوال کوجرائم سے پاک ایک ماڈل ضلع بنایا جائے گا۔ عوام دوست پالیسی بنانا اور پولیس ملازمین کی ویلفئیراولین ترجیح ہے۔پولیس افسران و ملازمان ایمانداری سے اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال کیپٹن (ر)محمد علی ضیاء نے تھانہ یوسف والا کی فارمل انسپکشن کے دوران پولیس ملازمان کے مسائل سنتے ہوئے کیا۔اس دوران انہوں نے کہاکہ سفارش کلچر مجھے سخت ناپسند ہے۔ آپ اپنی ٹرانسفر پوسٹنگ اور دیگر مسائل براہ راست میرے نوٹس میں دیں تاکہ ان کو بروقت حل کیاجاسکے۔انہوں نے تھانہ کے فرنٹ ڈیسک،ویٹنگ روم، حوالات،اسلحہ خانہ،ریکارڈروم اورتھانہ جات کی گاڑیوں کی انسپکشن کی اور تھانہ کی صفائی کا ملاحظہ کیا۔بعد ازاں انہوں نے ایس ڈی پی او صدر سرکل فلک شیر بھٹی،ایس ایچ او تھانہ یوسف والا انسپکٹرامداد حسین اورتھانہ کے جملہ تفتیشی افسران سے میٹنگ کی اور تفتیش مقدمات، گرفتاری مجرمان اشتہاری و دیگرمحکمانہ امور کی بابت ان کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ تھانوں میں کسی شخص کو نا جائز حراست میں نہ رکھا جائے۔سرقہ مویشی اور چوری کی وارداتیں روکنے کے لیے ٹھیکری پہرہ اور گشت کے نظام کو فعال کیا جائے۔مزیدانہوں نے ایس ایچ او تھانہ یوسف والااور تفتیشی افسران کو ہدایات جاری کیں کہ اشتہاریوں اور عدالتی مفروران کے خلاف فوری کریک ڈاؤن شروع کیا جائے۔ تھانہ میں آنے والے تما م سائلین کو عزت دی جائے انہوں نے کہا کہ تمام تھانہ جات میں سائلین کے بیٹھنے کے لئے انتظار گاہوں کو مزید بہتربنایا جارہا ہے تاکہ سائلین کو باعزت طریقہ سے بٹھایا جا سکے اور انکے جائز مسائل کو فوری حل کیا جا سکے۔آخر میں انہوں نے تھانہ میں آئے سائلین کے مسائل کو سنا اور موقع پر ہی انصاف کی فراہمی کا حکم دیا۔
