ساہیوال(بیورورپورٹ)ساہیوال کی پہلی اردو کانفرنس 26اور27نومبر کو ساہیوال آرٹس کونسل میں منعقد ہو گی جس میں 55سے زائد سکالرز اپنے مکالے پیش کرینگے۔ دو روزہ کانفرنس کا عنوان ”اردو ادب علاقائی ثقافتیں اور عالمگیریت“ہے جس کا اہتمام محکمہ اطلاعات و ثقافت نے کیا ہے۔یہ بات ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے کانفرنس کی غرض و غایت بیان کرنے کیلئے ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں بتائی۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا ساہیوال میں انعقاد شہر کے لئے اعزاز ہے جہاں تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک بھر سے اردو سکالرز اکٹھے ہونگے اور اپنے خصوصی مکالے پیش کریں گے۔کانفرنس کا آغاز سید مصطفی زیدی آرٹ گیلری میں یونیسکو ایوارڈ یافتہ مصور طارق مرز ا کے فن پاروں کی نمائش اور کتاب میلے سے ہو گا جس کے مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انو ر بلوچ ہونگے جبکہ 26نومبر کو کانفرنس کے 3سیشن ہونگے جن میں بلوچستان یونیورسٹی کے ڈاکٹر شاہ محمد مری اور ڈائریکٹر فیڈرل اردو سائنس بورڈ لاہور ڈاکٹر ناصر عباس نیئر کلیدی مکالے پیش کریں گے۔26نومبر کو ہی معروف شاعر انور مسعود کے ساتھ شام منانے کا اہتمام کیا گیا ہے بعد ازاں جناح ہا ل میں شام غزل ہو گی جس میں معروف مغینہ منی بیگم اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے مزید بتایا کہ 27نومبر کو بھی کانفرنس کے 3سیشن ہونگے جس کے اختتام پر تمام شرکاء کو ہڑپہ میوزیم کا دورہ کرایا جائے گا جہاں مقامی لوک رقص بھی پیش کیا جائے گا۔
