کامسیٹس ساہیوال کے طلبا نے “آل پاکستان روبو ریس” جیت لی

ساہیوال(بیورورپورٹ)کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس کے طلبا نے “آل پاکستان روبو ریس” مقابلہ اپنے نام کر لیا۔آل پاکستان وژیو سپارک کمپٹیشن کا انعقاد سی یو آئی، واہ کینٹ کیمپس میں ہوا۔ مقابلوں میں پاکستان کی 32 یونیورسٹیز کی 40 ٹیموں نے شرکت کی۔ سی یو آئی، ساہیوال کیمپس کے الیکٹرکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے تیسرے سمیسٹر کے چار طلبا احمد مجتبیٰ، شاہد علی، ہارس سندھو اور فیضان مظہر پر مشتمل ٹیم نے مقابلے میں شرکت کی۔ روبو ریس میں کل 10 ریس ہوئیں جن میں سی یو آئی ساہیوال کیمپس کی ٹیم نے اول پوزیشن حاصل کی ہے۔ طلبا نے اپنی کامیابی کو اساتذہ کی محنت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ٹیکنالوجی کو نابینا افراد کے لیے مفید بنانے کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر ٹرانسپورٹیشن کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ڈائریکٹر سی یو آئی، ساہیوال کیمپس پروفیسر ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت نے طلبا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنی انجینئرنگ کے آغاز میں ہی ان طلبا نے اتنی بڑی سطح پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے والدین اور یونیورسٹی کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے محنتی اور ذہین طلبا ہمارے ملک کے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں