ساہیوال (بیورورپورٹ ) جماعت اہلسنت کے مرکزی راہنما پیر ابوالنصر منظور احمد شاہ نے کہاہے کہ 12ربیع الاول عالمگیر انقلاب کا دن ہے ۔تاریخ انسانیت میں بہت سے انقلاب آئے مگر انسانیت کے ماتھے کا جھومر صرف اور صرف یہی انقلاب ہے جو انسانیت کی نجات کا باعث بنا۔ وہ یہاں بلدیہ گراؤنڈ ساہیوال میں عید میلاد النبی ؐ کے جلوس کے اختتام پر منعقدہ عظیم الشان میلا د مصطفی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پرڈاکٹر مفتی محمد مظہر فرید شاہ ‘ ممبر ان اسمبلی پیر سید عمران احمد شاہ ولی ‘ ملک ندیم کامران‘ حاجی محمد ارشدملک ‘ میئرساہیوال اسد علی خاں بلوچ‘شیخ اعجاز احمد رضا‘حاجی احسان الحق فریدی کے علاوہ علماء و مشائخ اورہزاروں شہری بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کئی انقلاب آئے ، یہ سب انقلاب خاموشی سے آئے مگر آج جس انقلاب کی میں بات کر رہا ہوں یہ انقلاب کوئی اتفاقی عمل نہیں کہ یکا یک رونما ہو گیا بلکہ مدتوں سے اس کا انتظار تھا اور انبیاء علیہم السلام کی زبانوں پر اس کا ذکر تھا ۔تورات و انجیل کی عبارات آج بھی شاہد ہیں ۔انہوںنے کہاکہ یہ انقلاب ایسا زبردست اور عالم گیر انقلاب تھا کہ ہجرت کے بعد صرف دس سال میں دس لاکھ مربع میل پر اسلام پھیل گیا اور پہلی اسلامی ریاست مدینہ منورہ وجود میں آئی جو قیصرو کسریٰ سے ٹکرا گئی اور اسے پاش پاش کر دیا۔ موجودہ دور اقوام متحدہ مسلمانوں کا سب سے بڑا دشمن ادارہ ہے جسے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم نظر نہیں آ رہے ۔ اللہ کرے آج کے دن کا صدقہ عالم اسلام کو فتح نصیب ہو ۔ کانفرنس سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔
