مولانا سمیع الحق کی شہادت الم ناک سانحہ ہے: ضیا اللہ بخاری

ساہیوال(بیورورپورٹ)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہاہے کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت ایک سانحہ عظیم ہے جس کا خلا کبھی پر نہیں ہوسکے گا۔ شہید مولانا سمیع الحق نے زندگی بھر نہ صرف اسلام کی خدمت کی بلکہ رواداری اورشریعت کی سیاست کو فروغ دیا۔ سانحہ کے ذمہ داروں کی گرفتاری اور عبرتناک سزا کیلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رحمانیہ اہلحدیث لیاقت چوک ساہیوال میں مولانا سمیع الحق شہید کی غائبانہ نماز جنازہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مولانا سمیع الحق کی دفاع پاکستان کونسل اورملت اسلامیہ کیلئے خدمات ہمیشہ سنہری حروف میں لکھی جائیں گی۔ انہوں نے اپنی زندگی دین اسلام کے فروغ اور نفاذ مصطفی کی کاوشوں میں گزاری۔ انہوں نے سیاسی میدان میں جمعیت علمائے اسلام (س) کی قیادت کرتے ہوئے شرافت‘رواداری اور درگزر کی سیاست کی عمدہ مثالیں پیش کیں اور ہمیشہ عالم کفر کی سازشوں کے خلاف سینہ سپر رہے۔ ان کی شہادت ایک عظیم سانحہ ہے۔ وطن عزیز کیلئے ہمیشہ ان کی خدمات کو یاد رکھاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے دہشتگردی کی ہمیشہ مذمت کی۔ دفاع پاکستان کونسل کے پلیٹ فارم سے انہوں نے کشمیر‘ افغانستان کے عوام کی آزادی اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے بھرپور آواز بلند کی۔دفاع پاکستان کونسل ان کی شہادت کی پرزور مذمت کرتی ہے اورملزمان کی فوری گرفتاری اورانہیں عبرتناک سزا دینے کامطالبہ کرتی ہے۔ انہوں نے تمام کارکنوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں