تبدیلی کے نام پر عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے: اکرام الحق

ساہیوال (ایس این این)جماعت اسلامی ساہیوال کے راہنما چوہدری اکرام الحق (ایڈووکیٹ) نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی تبدیلی کے نام پر بے تحاشا ٹیکسوں کے ذریعے غریبوں کا خون نچوڑرہی ہے۔انہو ں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک بھر میں مہنگائی کی نہایت خطرناک کالی گھٹا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ کنزیومر پرائس انڈیکس یا صارفین کے لیے قیمتوں کے اعدادوشمار چیخ چیخ کر یہ بتا رہے ہیں کہ مہنگائی نے غریبوں اور متوسط طبقات کے افراد کی کمر توڑ دی ہے۔ سبزیاں اور اشیائے خوردو نوش سمیت صحت و تعلیم کی سہولیات روز بروز مہنگی ہوتی چلی جار ہی ہیں، ایسے میں ایک عام آدمی کو گھر کا چولہا جلائے رکھنے اور ضروریات زندگی کے اخراجات پورے کرنے کی خاطر سخت ترین جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے۔ غریبوں اور متوسط طبقات کے لوگوں کے پاس گھریلوضروریات حیات کی اشیا ء ناپید ہو چکی ہیں، عوام ٹیکسوں کی عجیب طرح کی غربت کی چکی میں پس رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں، بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری ملک و قوم کے لیے بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، نوجوان ڈگریوں کے باوجود نوکریوں کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں بیشتر نوجوان مایوس ہو کر برے راستوں پر چلنے پر مجبور اور بعض منشیات کی طرف راغب ہوجا تے ہیں۔ چوہدری اکرام الحق (ایڈووکیٹ) نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ غریبوں اور متوسط طبقات کے لوگوں کے زندگیوں کو اجیرن کرنے والی پالیسیوں کو فی الفور ترک کرے اور اپنے اعلانات کے مطابق تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے باز رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں