یوسف والا،پھاٹک کی مستقل بندش، دیہاتیوں نےجی ٹی روڈ بلاک کردی

ساہیوال (بیورورپورٹ)اڈہ یوسف والا پر ریلوے پھاٹک مستقل بند کرنے کے خلاف دیہاتیوں کا جی ٹی روڈ بلاک کرکے احتجاج ‘3گھنٹے ٹریفک بلاک ‘ڈی ایس پی نے مذاکرات کرکے ٹریفک بحال کروادی ‘ کمشنر ساہیوال کی طرف سے ریلوے پھاٹک کھلانے کی یقین دہانی ۔تفصیلات کے مطابق اڈہ یوسف والا پر ریلوے لائن پر موجود ریلوے پھاٹک کو مستقل طور پر بند کرکے دیہاتیوں کو متبادل راستہ اڈہ قادر آباد کول پاور پلانٹ کے قریب ریلوے پھاٹک سے گزرنے کیلئے دیا گیا لیکن دیہاتیوں کا روز آنے جانے کے باعث ان کے سفر کا فاصلہ بڑھ گیا جس کی وجہ سے انہوںنے اڈہ قادر آباد کا راستہ چھوڑ دیا ۔ مختلف دیہاتوں کے مکینوں رائو طارق ‘عارف چوہدری ‘انعام اﷲ ‘حبیب ‘اﷲ رکھا ‘شفیق ‘ ارشد ‘مبشر ودیگر سینکڑوں افراد نے اڈہ یوسفوالا جی ٹی روڈ بلاک کرکے شدید احتجاج کیا ۔ روڈ بلاک ہونے سے دونوں اطراف سے ٹریفک گزرنا بند ہو گئی اوربسوں وغیرہ کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ ڈی ایس پی صدر مہروسیم نے موقع پر پہنچ کر دیہاتیوں کے ساتھ مذاکرات کئے اور اس سلسلے میں5رکنی وفد کی کمشنر ساہیوال سے ملاقا ت کرانے کی یقین دہانی کرائی جس پر دیہاتیوں نے احتجاج ختم کردیا ۔ بعدازاں ڈی ایس پی صدر مہروسیم اپنے ہمراہ 5رکنی وفد کی کمشنر ساہیوال سے ملاقات کروائی اور وفد نے ریلوے پھاٹک کھلوانے کامطالبہ کیا اور کمشنر نے انہیں جلد ریلوے پھاٹک کھلوانے کی یقین دہانی کرائی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں