ساہیوال، گورنر پنجاب کا چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب

ساہیوال (بیورورپورٹ)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ روز گار کی فراہمی میں میڈیم اور سمال انڈسٹری کا اہم کردار ہے او راس کوفروغ دیکر ہی پاکستان سے بیروز گاری کا خاتمہ ممکن ہے۔ملک میں ٹیکس نیٹ کو بڑھانے اور اس میں زیادہ سے زیادہ طبقات کو شامل کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے گی تا کہ ٹیکس کی شرح میں اضافے کے ساتھ ساتھ موجودہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ میں بھی کمی آئے۔انہوں نے گزشتہ رات یہ بات ساہیوا ل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر چیمبر کے صدر ذیشان شیخ‘سینئر نائب صدر کاشف ریاض ‘نائب صدر کامران سعید‘تحریک انصاف کے ضلعی صدر رانا آفتاب احمد خان اور چیمبرکے اراکین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی معاشی پالیسیوں کو بہتر بنانے کیلئے بزنس کمیونٹی کی سفارشات پرہی اپنی ترجیحات مرتب کریگی تا کہ ملک میں صنعت کو فروغ ملے اور بیروز گاری کا خاتمہ ہو۔ ملک کی موجودہ بر آمدات 19ارب جبکہ در آمدات 68ارب ڈالر ہیں اور اس بہت بڑے فرق کی وجہ سے ملک کی انڈسٹری تباہ ہوئی اور بیروز گاری میں اضافہ ہوا۔ انہو ںنے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف جہاد شروع کر دیا ہے اور احتساب کا یہ عمل پٹوار ی اور سپاہی سے نہیں بلکہ وزیر اعظم اور کابینہ سے شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نیا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس میں اختیارات یونین کونسل کی سطح پر منتقل ہونگے اور ترقیاتی بجٹ کا 30فیصد یونین کونسلوں کو دیا جائے گا تا کہ عوامی ضروریات مقامی سطح پرہی پوری ہو سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے دو طبقات بزنس مین اور زمیندار اہم کردار اد کر سکتے ہیں اور حکومت انہیں اس سلسلے میں بھر پور سہولیات فراہم کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں