علماء معاشرتی رواداری میں مثبت کردار ادا کریں: نعمان لنگڑیال

ساہیوال (بیورورپورٹ) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے علماء کرام پر زور دیا ہے کہ وہ معاشرے میں رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں اور شرارتی عناصر کو سختی سے روکیں تا کہ معاشرے میں فساد پھیلانے والوں کا قلع قمع کیا جا سکے ۔انہو ںنے یہ بات ڈی سی آفس میں ضلع امن کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو‘ڈی پی او غلام مبشر میکن‘ڈپٹی میئر ساجد نعیم ہیپی اور علماء کرام سید ضیاء اللہ شاہ بخاری‘مولانا محمد حسن معصومی‘سید مہدی رضا ہمدانی ‘شیخ اعجاز احمد رضا‘حاجی احسان الحق فریدی ‘قاری بشیر احمد اور سید کاشف حسین شاہ کے علاوہ متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہو ںنے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ تھانے کی سطح پر مجالس منتظمین سے رابطہ کر کے تمام معاملات پر اتفاق رائے حاصل کیا جائے اور جلوسوں اور مجالس کو مقررہ اوقات کے اندر اختتام کو یقینی بنایا جائے ۔انہو ںنے تمام جلوسوں کے روٹوں کی صفائی اورپیچ ورک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں ڈی پی او غلام مبشر میکن نے بتایا کہ پولیس تھانے کی سطح پر امن کمیٹیاں قائم کر رہی ہے تا کہ مقامی سطح پر علماء کرام اور پولیس کے درمیان باہمی تعاون کو مضبوط کیا جا سکے۔اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ ضلع ساہیوال فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مرکز ہے اور تمام فرقے ایک دوسرے کی مذہبی عبادات میں شریک ہو کر بین المسالک ہم آہنگی کا ثبوت فراہم کرتے ہیں ۔علماء نے انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ماضی کی طرح عاشورہ محرم کو پر امن طور پر منانے کیلئے تمام انتظامات میں علماء بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ محرم کا مقدس مہینہ تمام مکاتب فکر کیلئے یکساں محترم ہے اور علماء کو چاہیے کہ وہ اس ماہ میں عوام کے مذہبی جذبات کو کنٹرول کرنے میں مدد دیں تا کہ پر امن فضا کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں