ساہیوال، کانسٹیبل کی انوکھی ریٹائرمنٹ ، دلہا بنا کر رخصتی

ساہیوال(بیورورپورٹ)انسپکٹر فیاض ہنجرانے کانسٹیبل کو ریٹائرمنٹ پردلہابناکر انوکھی مثال قائم کر دی،بینڈ باجے پرڈی ایس پی کی گاڑی میں بٹھاکرگھرچھوڑا،پولیس فورس کا مورال بلندیوں کو چھونے لگا،کانسٹیبل اکرم خوشی سے آبدیدہ ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی ساہیوال انسپکٹر فیاض ہنجرانے مدمت ملازمت پوری کرکے ریٹائرہونے والے پولیس کانسٹیبل محمداکرم کودلہابناکر تاریخ رقم کردی۔فیاض ہنجرانے دیگر پولیس ملازمان کے ہمراہ تھانہ سٹی میں تعینات کانسٹیبل محمد اکرم کے اعزاز میں ایک پرتکلف الوداعی تقریب کا اہتمام کیاجس میں انہوں نے کانسٹیبل محمد اکرم کو ہاراورسہرے سے سجاتے ہوئے دولہابناڈالا۔بینڈ باجے کے ہمراہ ڈی ایس پی کی گاڑی میں بٹھاکر ڈی پی او دفتر میں ڈی پی او غلام مبشرمیکن اوردیگر افسروں،ملازموں سے الوداعی ملاقات کروائی۔بعدازاں انسپکٹر فیاض ہنجرانے کانسٹیبل کو مکمل پروٹوکول کے ساتھ ان کے گھر چھوڑا۔اس موقع پر انہوں نے کانسٹیبل محمد اکرم کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہارکیااوران کو دیگرملازموں کیلئے مشعل راہ قراردیا۔یادرہے کہ ساہیوال کی تاریخ میں پہلی بار کسی کانسٹیبل کو اس طرح الوداع کیاگیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں