ساہیوال (بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ دفاع وطن کیلئے اقلیتوں کی قربانیوں کو بھلایا نہیں جا سکتا جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا لیکن اپنی سر زمین کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دی۔انہوں نے یہ بات گوسپل چرچ میں یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈی پی او غلام مبشر میکن اور بشپ آف ساہیوال ابراہام عظیم ڈنیئل کے علاوہ مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے اور آئندہ بھی قوم کا ہر فرد ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہے۔تقریب میں مسیحی بچوں نے ملی نغمے اور خاکے پیش کئے جن میں شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے ”شہیدوں کی بستی“ چک نمبر 102/12-Lچیچہ وطنی کا دورہ کیا۔مذکورہ گاؤں کے تین فوجی جوان اور پنجاب پولیس کا ایک جوان شہید ہوا جس کا اہتمام ساہیوال آرٹس کونسل نے کیا تھا۔انہوں نے شہداء کی قبروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے مقامی قبرستان ماہی شاہ میں چیک پوسٹ پر امریکی حملے میں شہید ہونے والے کپیٹن محمد عثمان شہید کی قبر پر بھی حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔یوم شہداء کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا جس میں سرکاری افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
