گرین پاکستان،ساہیوال کے کالجز میں 20 ہزار پودے لگا دئیے گئے

ساہیوال (بیورورپورٹ) ڈائریکٹر کالجز ساہیوال ڈویژن رانا عبدالشکور نے کہاہے کہ درخت لگانا سنت نبوی ؐ اور صدقہ جاریہ ہے۔ ماحول کو صاف ستھرارکھنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم تعلیمی اداروں‘سڑکوں اورنہروں کے کناروں پر درخت لگائیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی ہوسکے۔ وہ گزشتہ روز یہاں ساہیوال تعلیمی بورڈ میں شجر کاری جاری مہم کے دوران پودا لگانے کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ساہیوال بلال باجوہ‘کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر حافظ فدا‘ پروفیسر محمد منیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ شجرکاری مہم کوکامیاب بنانے کیلئے تمام کالجز کے پرنسپل حضرات‘پروفیسر زاور لیکچررز پودے لگاکر ان کی آبیاری کیلئے مناسب دیکھ بھال کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن کے تمام کالجز میں 30 ہزار پودے لگائے جارہے ہیں جن میں سے20ہزار پودے لگادیئے گئے ہیں اور 10ہزار پودے مزیدلگائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ساہیوال بلال باجوہ‘ اوکاڑہ مسز رابعہ اختر اورپاکپتن آصف ریاض روزانہ کی بنیاد پر 2-2کالجز چیک کرکے انہیں پورٹ پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شجر کاری مہم کے سلسلہ میں محکمہ جنگلات نے مفت پودے فراہم کئے ہیں جبکہ مخیر حضرات نے پودے ڈونیٹ کئے ہیں اور کالجز کی طرف سے پودے خریدے بھی گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں