وزیر اعظم کے پلانٹ فار پاکستان پروگرام کے تحت 2 ستمبر کو شجرکاری

ساہیوال (بیورورپورٹ)ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ساہیوال ملک وسیم سجاد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ”پلانٹ فار پاکستان“ پروگرام کے تحت 2ستمبر کو پورے ملک میں 15لاکھ پودے لگائے جا رہے ہیں۔ محکمہ جنگلات کی دو نرسیوں گورنمنٹ کالج نرسری اور جھال روڈ نرسری سے عوام کو شیشم‘کیکر‘نیم‘بکائن اور سکھ چین کے ایک ہزار پودے شناختی کارڈ دکھا کر مفت فراہم کئے جا ر ہے ہیں۔منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور عوام کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے یہ منصوبہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ماحول کو خوشگوار بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات اپنی شجر کاری مہم کے سلسلے میں تمام سرکاری اداروں خصوصی محکمہ تعلیم کے تعاون سے پہلے بھی پودے لگانے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے جس کیلئے تمام سرکاری کالجز اور سکولوں میں مفت پودے فراہم کئے گئے ہیں۔محکمے کی طرف سے ”پلانٹ فار پاکستان“پروگرام کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب گورنمنٹ گرلز کالج فرید ٹاؤن میں 2ستمبر کو منعقد ہو گی جس میں اساتذہ اور طالبات پودے لگائیں گی جبکہ پروگرام کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے صبح 9بجے گورنمنٹ کالج سے واک کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔انہو ں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس اہم منصوبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ملک کو سرسبز بنانے میں اپنا کردار دا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں