ساہیوال، سرکاری زمینوں پر ناجائز زمینوں کے خلاف مہم کا آغاز

ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر میاں محمد زمان وٹو نے ریونیو افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ آج سے ضلع بھر میں سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خلاف جاری مہم میں ملی جذبے اور لگن کے ساتھ حصہ لیں تا کہ ساہیوال سے سرکاری زمینیں ناجائز قابضین سے واگزار کروائی جا سکیں۔ یہ ہدایت انہوں نے اپنے دفتر میں ہونیوالے ریونیو افسران کے اجلاس کی صدارت کے دوران دیں ۔ اجلاس میںدونوں اسسٹنٹ کمشنرز مس سحرش سعد اور عابد کلیار کے علاوہ سی اے طاہر امین اور دیگر ریونیو آفیسر ز بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ یہ زمینیں سرکاری پراپرٹی ہیں جنہیں پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق کسی بھی صورت ناجائز قابضین کے پاس نہیں رہنے دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا ہمارے معاشرے کا ناسور ہی نہیں بلکہ ملکی معیشت کے بھی دشمن ہیں جن کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر میاں محمد زمان وٹو نے تمام ریونیو آفیسر ز کو ہدایت کی آج سے جاری اس مہم کو جامع اور موثر بنانے کیلئے اس کا دائرہ کار ضلع بھر میں پھیلایا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کا سیاسی و غیر سیاسی پریشر خاطر میں نہ لایا جائے ۔انہوںنے کہا کہ وہ اس مہم کی ذاتی طور نگرانی بھی کریں گے اور روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ بھی لیا کریں گے ۔واضح رہے کہ ضلع بھر میں موجود سرکاری زمین کی ڈائریکٹر ی پہلے ہی تیار کی جا چکی ہے جس کے بعد ٹارگٹس آسان ہو گئے ہیں اور انہی ٹارگٹس کے خلاف آج سے اس مہم کا آغا زکیا جا رہا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں