تھانے میں آنے والے مظلوم افراد کی داد رسی کی جائے:‌ڈی پی او

ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال غلام مبشر میکن نے پولیس افسران پر زوردیا ہے کہ وہ تھانے میں آنے والے مظلوم افراد کی داد رسی کو ہر ممکن طورپر یقینی بنائیں۔ ظالم اور جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور ساہیوال شہر کو جرائم سے پاک کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ وہ یہاں تھانہ فرید ٹاؤن میں ایک کھلی کچہری کے موقع پر شہریوں سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی ہمایوں افتخار‘ایس ایچ او فرید ٹاؤن انسپکٹر محمدحیات خاں اور دیگر افسران کے علاوہ معززین علاقہ بھی موجود تھے۔انہوں نے تھانہ میں آنیوالے سائلین کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے فوری احکامات جاری کئے۔بعدازاں انہوں نے تھانہ میں تعینات پولیس ملازمین سے دوران میٹنگ ان کے مسائل سنے۔ر یکارڈ ملاحظہ کیا اس موقع پر تھانہ کے ایس ایچ او نے تھانہ کے دیگر امور پر انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی ذمہ داری سے سرانجام دیں اور دوران ڈیوٹی کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی نہ کریں۔تھانے میں آنیوالے سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور دوران ڈیوٹی انسانیت کی خدمت کا موقع ہرگز ضائع نہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں