ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنرمحمد زمان وٹواورڈی پی اوغلام مبشرمیکن کی ہدایت پر عید الاضحی کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لئے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ کی سربراہی اورڈی ایس پی ٹریفک کی نگرانی میں ضلع بھر میں سپیشل سکواڈ تشکیل دے دیے گئے جنہوں نے عید الاضحٰی کی چھٹیوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے اندرون ملک جانے والے مسافروں سے وصول کئے جانے والے کرائے کا جائزہ لیا۔سپیشل سکواڈ نے زائد کرائے وصول کرنے پرپبلک ٹرانسپورٹ مالکان کو جرمانہ کرتے ہوئے موقع پر ہی مسافروں کو زائد وصول کی جانے والی رقم واپس کرائی۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی عاصمہ ناز اورڈی ایس پی ٹریفک ریاض احمد نے بتایا کہ عید الاضحی کی چھٹیوں سے قبل20اگست کو سپیشل سکواڈ تشکیل دیکر زائد کرایہ وصول کرنے اور اوور لوڈنگ کرنے والے ٹر انسپورٹرز کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا اور یہ کریک ڈاؤن26اگست تک جاری رہے گا۔انہوں نے بتا یا کہ ضلع بھر میں مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے پر100سے زائد گاڑیوں کو چیک کیا گیا ،25کے چالان ،10کو بند اور53ہزار روپے جرمانہ کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ مسافروں کے حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری ایکشن لے کر ذمہ داران کے خلاف کاررو ائی کی جا رہی ہے۔
