پنجاب کابینہ کے وزراء کا فیصلہ ہو گیا

لاہور(ایس این این) نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات کے دوران صوبائی کابینہ کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اراکین کابینہ کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ کے حوالے سے نامزد گورنر چوہدری سرور، عبدالعلیم خان، میاں محمود الرشید کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے ۔ پنجاب کابینہ میں سینئر وزیر کا فیصلہ وزیراعظم پاکستان عمران خان خود کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عبدالعلیم خان اور میاں محمود الرشید دونو ں سینئر وزیر ہوں گے اور یا کوئی بھی نہیں ہو گا۔ چند دن قبل فیصلہ کیا گیا تھا کہ پہلے مرحلے میں آٹھ سے دس رکنی کابینہ بنائی جائے گی لیکن اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلے ہی مرحلے میں 15 سے 20 رکنی کابینہ تشکیل دی جائے گی۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پارٹی نے پنجاب کابینہ کے ارکان کے نام فائنل کر لیے ہیں اور آئندہ ایک سے دو دن میں باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ لاہور سےعبدالعلیم خان، میاں محمودالرشید، میاں اسلم اقبال، ڈاکٹر یاسمین راشد، اور ڈاکٹر مراد راس وزارت کے منصب سنبھالیں گے۔
ذرائع کے مطابق وہاڑی سے جہانزیب کھچی، فیصل آباد سے اجمل چیمہ، جھنگ سے فیصل جبوآنہ اور تیمور بھٹی، چکوال سے حافظ عماریاسر اور راجہ یاسر ہمایوں، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے آشفہ ریاض، رحیم یارخان سے ہاشم جواں بخت، راوالپنڈی سے راجہ بشارت اور فیاض الحسن چوہان اور ڈیرہ غازی خاں سے محسن لغاری وزیر ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں