عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں میں ریسکیو 1122 ہائی الرٹ رہے گی: ڈاکٹر خالد

ساہیوال(بیورورپورٹ)پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122ساہیوال کی ایمبولینس،ریسکیو اورفائر سروس ضلع بھر میں عیدالا ضحی کی تعطیلات پر ایمرجنسی میں مدد کے لیے ہائی الرٹ رہیں گی۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 راولپنڈی ڈاکٹرخالد عبداللہ نے ڈویژنل ریسکیو اسٹیشن میں منعقدہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے عیدالا ضحی کے موقع پر کیے گئے تمام انتظامات کا جائزہ لیا اور انہیں حتمی شکل دی۔میٹنگ میں تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس سلسلے میں اہم مقامات، مساجد اورعید گاہوں پرایمبولینس اور فائر وہیکل کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ریسکیو موبائل پوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی جہاں کسی بھی قسم کے ناگہانی واقعہ کی صورت میں ایمرجنسی کورفراہم کرنے کے لئے تربیت یافتہ ایمرجنسی پیرا میڈیکل سٹاف بھی موجود ہو گا۔عید کی چھٹیوں کے دوران ریسکیو 1122پورے ضلع میں ایمرجنسیز سے بہتر انداز میں نبرد آزما ہونے کے لئے ہر دم تیار رہے گی۔اس سلسلے میں آپریشنل سٹاف عید کے دوران سوفیصد حاضر ہوں گے اور اس حوالے سے تمام سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور ضلعی کنٹرول روم تمام ضروری ایمرجنسی انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔مزید برآں عیدالا ضحی کے اجتماعات پر مو ثر طبی امداد کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے موبائل پوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی جہاں جدید ایمبو لینس گاڑیاں اور تر بیت یافتہ سٹاف اپنی ایمر جنسی میڈیکل کٹِ کے ساتھ ہمہ وقت موجود رہے گاتاکہ ضرورت پڑنے پر بر وقت فوری طبی امداد مہیا کی جاسکے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ساہیوال ڈاکٹر خالد عبداللہ نے تمام شہریوں کو عید کی مبارکباد دی ہے اورنیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان سے درخواست کی ہے کہ اپنی فیملی کے ساتھ عیدکی چھٹیوں سے پہلے اور بعد میں گھروں کو جاتے ہوئے احتیاط سے گاڑی چلائیں تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں