ساہیوال اور گردونواح میں طوفانی بارش

ساہیوال(بیورورپورٹ) ساہیوال اور گردونواح میں طوفانی بارش‘ تمام بازار‘گلی محلے اور نشیبی علاقے ندی نالوں کا منظر پیش کر نے لگے‘ تفصیلات کی مطابق دوپہر 12بجے کے قریب آسمان پر بادل منڈلانے لگے اور دوپہر ایک بجے کے قریب چند منٹ موسلا دھار بارش ہوئی اور رک گئی۔ بعدازاں 3بجے کے قریب دوبارہ تیز ہوا کے ساتھ طوفانی بارش کاسلسلہ شروع ہوا اور چندمنٹ میں دیکھتے ہی دیکھتے ہر طرف بارش کا پانی کھڑا ہوگیا اورتمام بازار‘ گلی محلے اور نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے۔ نشیبی علاقوں میں بار ش کاپانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ جی ٹی روڈ پر بھی پانی کھڑا رہا۔ شہر یوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنارہا۔ سیوریج نظام درہم برہم ہونے سے گندہ پانی بارش کے پانی میں شامل ہوگیا۔ طوفانی بارش کا سلسلہ تقریباً 15منٹ جاری رہا بعدازاں بارش ہلکی ہوگئی۔ بارش کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔ بعض مقامات پر درخت اکھڑ گئے۔ شہری اپنے گھروں سے پانی نکالنے میں مصروف ہوگئے۔ بارش کے نتیجہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں