ساہیوال، عیدالاضحیٰ پر سیکیورٹی کے انتظامات مکمل

ساہیوال(ایس این این ) ضلعی انتظامیہ نے عید الاضحیٰ کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے شہریوں کو بہترین ماحول فراہم کیا جائے گا ۔عیدالاضحیٰ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ایک اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر میاں محمد زمان وٹو نے کی ۔ اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو کامران خان ،اے ڈی سی جنرل آصف حیات لودھی ،ڈائریکٹر ایڈمن پی ایچ اے حبیب جیلانی وینس،ایم ڈی کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی احمد علی ،دونوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر ز اور متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے بھی شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر میاں محمد زمان وٹو نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عید کے موقع پرعوام کو فول پروف سیکورٹی دی جائے اور نماز عید کے بڑے اجتماعوں میں واک تھرو گیٹس کے ساتھ ساتھ میٹل ڈیٹکٹر اور جامع تلاشی کا بندوبست بھی کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ مختص پارکنگ کے علاوہ کسی جگہ پر گاڑیاں کھڑی کرنے کی ممانعت کی جائے جبکہ محکمہ پولیس ،ہیلتھ اور ریسکیو 1122 کے نمائندوں پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی جائے جو شہر میں ون ویلنگ اور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کرے۔ایم ڈی کیٹل مارکیٹ احمد علی نے بتایا کہ مویشی منڈی میں آنیوالے تمام جانوروں کیلئے ٹینٹ لگا کر سایہ دار جگہ کا بندوبست کیا گیا ہے جبکہ پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کا بھی وافر مقدار میں بندوبست کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جانوروں کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ کیلئے منڈی میں ایک مخصوص جگہ کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ بیوپاریوں کیلئے چارپائیاں ، رات کو بہترین روشنی ،کھانے پینے کیلئے کینٹین اور جانوروں کیلئے آرائشی زیور ات کے سٹال بھی لگائے گئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر میاں محمد زمان وٹو نے ہدایت کی مویشی منڈی میں سیکورٹی حالات کے پیش نظر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے اور جانوروں کی منڈی سے خریدوفروخت کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے ۔انہوں نے مویشی منڈی میں سیکورٹی کیلئے مزید پولیس فورس اور رضاکار تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں