ساہیوال، جشن آزادی کے سلسلہ میں سکول اولمپکس کا پہلا دن

ساہیوال (بیورورپورٹ) سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد ایوب چوہدری نے کہا ہے کہ بچوں کی کردار سازی میں کھیلوں کا اہم کردار ہے اور جو بچے جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں ان کے جسم اور دماغ دونوں مضبوط ہیں۔بچوں کی مناسب نشورونما کے لئے ضروری ہے کہ سکولوں میں کھیلوں کو فروغ دیا جائے جس کے لئے پنجاب حکومت متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے جن میں ایک اہم قدم سکول اولمپکس گیمز 2018کا انعقاد ہے جس میں طلبا وطالبات کو مختلف کھیلوں میں اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا۔انہوں نے یہ بات ظفر علی سٹیڈیم میں گیمز کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں اے ڈی سی ریونیو کامران خان،ڈویژنل سپورٹس آفیسر اکبر مراد،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سکینڈری فوزیہ اعجاز اور چیئر مین پنجاب ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن پیر احسان الحق ادریس کے علاوہ مختلف سکولوں کے سینکڑوں طلبا وطالبات اور شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔


انہوں نے کہا کہ کھیلیں معاشرے میں رواداری اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ان سے نوجوانوں میں سپورٹس مین سپرٹ پیدا ہوتی ہے جو ان میں برداشت اور مل جل کر کام کرنے کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔انہو ں نے یقین دلایا کہ سپورٹس بورڈ بچوں میں مختلف کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، اس سے پہلے ڈویژنل سپورٹس آفیسر اکبر مراد نے بتایا کہ یہ گیمز 6اگست سے شروع ہو کر 28اگست تک جاری رہیں گی اور تحصیل اور ضلعی لیول کے مقابلوں کے بعد ڈویژنل لیول کے مقابلے ساہیوال میں منعقد ہونگے جہاں کی فاتح ٹیمیں صوبائی سطح پر ساہیوا ل ڈویژن کی نمائندگی کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں