یوم آزادی کے سلسلے میں 6اگست سے سکول اولمپک کا آغاز

ساہیوال (بیورورپورٹ)سیکرٹری پنجاب اکبر حسین درانی کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر میں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں 6اگست سے سکول اولمپک گیمز شروع ہونگی جس میں ساہیوا ل ڈویژن کے تمام اضلاع میں بھی مختلف کھیلوں کا انعقاد ہو گا جس کی افتتاحی تقریب 6اگست کو ظفر علی سٹیڈیم میں منعقد ہو گی ۔یہ بات کمشنر آفس میں ہونے والے ایک اجلاس میں بتائی گئی جس میں مقابلوں کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا جس کی صدارت کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کی جبکہ اس میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر اکبر مراد کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔پروگرام کے مطابق طلبا کے 9مقابلوں ہاکی ،اتھلیٹکس ،کرکٹ ،والی بال ،فٹ بال ،رسہ کشی ،باسکٹ بال ،بیڈ منٹن ،نیٹ بال ، ٹیبل ٹینس جبکہ طالبات کے 5 مقابلے اتھلیٹکس ،رسہ کشی ،نیٹ بال ،بیڈ منٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے ہونگے ۔ڈی ایس او اکبر مراد نے بتایا کہ تحصیل لیول پر یہ مقابلے 6سے8اگست تک جبکہ ضلع لیول پر 10سے 12 اگست تک منعقد ہونگے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ تینوں اضلاع کی ٹیموں کے ڈویژنل مقابلے 17اور18اگست کو ساہیوال میں منعقد ہونگے ۔کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ ان مقابلوں کو کامیاب بنانے کیلئے پوری دلجمعی سے کام کیا جائے تا کہ طلبا وطالبات میں کھیلوں میں شرکت کی حوصلہ افزائی ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں