نواز شریف نے قوم سے کیے تمام وعدے نبھائے: ندیم کامران

ساہیوال (بیورورپورٹ)پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے سینئر نائب صدر وممبر صوبائی اسمبلی ملک ندیم کامران نے کہاہے کہ میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف نے 2013ء کے انتخابات میں بجلی بحران حل کرنے کا جو وعدہ کیا تھا قوم سے وہ وعدہ پورا کرتے ہوئے بجلی بحران حل کردیا تھا اور اس وقت بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی۔ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا سی پیک منصوبہ شروع کردیا جسے روکنے کیلئے ملکی مخالف قوتیں اب بھی سازشیں کر رہی ہیں لیکن 2018ء کے انتخابات کے نتیجہ میں بننے والی نئی حکومت کو چاہئے کہ وہ اس منصوبہ پر تیزی سے کام کرے تاکہ ملکی مخالف قوتیں پاکستان کے خلاف اپنی سازش میں کامیاب نہ ہو سکے۔ وہ گزشتہ رات معروف سماجی‘سیاسی وصحافتی شخصیت حاجی معراج دین انصاری کی طرف سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے کے موقع پر اخبارنویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے ضلعی جنرل سیکرٹری راؤ نذر فرید ایڈووکیٹ‘ممبر کارپوریشن ملک قاسم ندیم اور صدر ساہیوال پریس کلب سید شفقت گیلانی کے علاوہ دیگر افراد بھی موجو دتھے۔ انہوں نے کہاکہ ساہیوال اور سیالکوٹ کیلئے سیوریج سکیم کا 15ارب روپے منصوبے پر کافی پیشرفت ہو چکی ہے اب میری کوشش ہے کہ یہ منصوبہ جلد ازجلد شروع ہو جائے تاکہ ساہیوال کا سیوریج کامسئلہ بھی حل ہو جائے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے دور حکومت میں اربوں روپے کے میگا پروجیکٹس مکمل کئے جبکہ کئی پروجیکٹ اب بھی جاری ہیں اور عوام نے ہماری شاندار کارکردگی کی بدولت ساہیوال ڈویژن میں مسلم لیگ ن کو ووٹ دیکر کامیاب کرایا جس پر وہ عوام کے مشکور ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں