فنی تربیت خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بناتی ہے: صوبائی وزیر

ساہیوال (بیورورپورٹ)نگران صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر چوہدری فیصل مشتاق نے کہا ہے کہ خواتین کو فنی تربیت فراہم کر کے ان کی معاشی خود مختاری کو یقینی بنایا جا سکتا ہے تا کہ وہ اپنے ہنر سے اپنے خاندان اور گھر کی کفالت میں حصہ ڈال سکے۔خواتین کو ہنر مند اور با اختیار بنانے میں صنعت زار کا اہم کردار ہے جہاں خواتین کو مختلف ہنر سکھا کر اپنا روز گار حاصل کرنے کے قابل بنایا جا تا ہے اور حکومت ان مراکز پر سہولتوں میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔انہو ں نے یہ بات صنعت زار میں 22سلائی مشینوں‘2پیکو مشینوں اور ایک ایئر کولر عطیہ کرنے کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا گزشتہ ماہ دورے کے دوران انہو ں نے وعدہ کیا تھا۔تقریب میں صوبائی سیکرٹری زاہد اختر زماں‘کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود اور ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو اور دوسرے افسران نے بھی شرکت کی۔انہو ں نے صنعت زار میں ہنر سیکھنے والی خواتین کے کام کو سراہا اور یقین ظاہر کیا کہ مختلف شعبوں میں ٹریننگ حاصل کر کے خواتین خود روز گار حاصل کر کے خاندان کی کفالت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔انہو ں نے کہا کہ خواتین اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مردوں سے بہت آگے ہیں جس سے ملکی ترقی میں اہم مدد مل رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب خواتین روایتی شعبوں سے نکل کرمشکل شعبوں میں بھی مردوں کے شانہ بشانہ کام کریں گی اور ان میں بھی مردوں سے آگے نکل جائیں گی۔انہو ں نے کہا کہ حسب وعدہ وہ صنعت زار کو نئی سلائی مشینوں کا تحفہ دے رہے ہیں تا کہ خواتین زیادہ دلجمعی سے اپنا کام سیکھ سکیں اور معاشرے کی ترقی میں معاون ثابت ہوں۔اس موقع پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر زاہد اختر زماں نے محکمہ کے مختلف منصوبوں کے بارے میں تفصیلی اظہار خیال کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں