ساہیوال، 71ویں یوم آزادی کی تیاریاں عروج پر

ساہیوال (بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنا یوم آزادی کبھی فراموش نہیں کرتیں اور اسے ہمیشہ ملی جوش و جذبے سے مناتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے آباؤ اجداد کی جانی و مالی قربانیوں کو دل و ذہن میں رکھ کر قومی جذبے کے ساتھ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پاکستان کے 71ویں جشن آزادی کے حوالے سے ترتیب دیے جانیوالے پروگراموں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل آصف حیات لودھی‘ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی‘اسسٹنٹ کمشنر سحرش سعد اور ڈی ایس او اکبر مراد کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں جو ایک آزاد ملک میں پیدا ہونے کے بعد آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں لہٰذا ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم سب مل کر اس پاک دھرتی کو اسلام اور امن کا گہوارہ بنائیں جہاں کوئی تفرقہ نہ ہو اور سب قانون کی پاسداری اور احترام کریں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلعی حکومت کے تمام محکمے جشن آزادی کی تقریبات میں بھر پور حصہ لیں گے جبکہ آرٹس کونسل‘سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ تعلیم کی جانب سے متعدد کھیلوں کے مقابلے اور تفریحی پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں جن میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ وہ 12 اگست تک شہر بھر میں صفائی کا بہترین اہتمام کرے تا کہ شہریوں کو خوشگوار ماحول میسر آئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں