خطاطی مسلم تہذیب اور ثقافت کا قیمتی ورثہ ہے: ڈاکٹر فرح مسعود

ساہیوال (بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ فن خطاطی مسلم تہذیب اور ثقافت کا قیمتی ورثہ ہے جس کی حوصلہ افزائی ہمارے لئے فخر کا باعث ہے کیونکہ یہ فن قرآن اور اسلام سے ہمارے رشتے کو مضبوط بناتا ہے۔بیرونی دنیا میں فن خطاطی اسلامی فنون لطیفہ سے جڑی ہوئی ہے جو فن کی آبیاری کے ساتھ ساتھ ہماری روحانی تسکین کا بھی سبب ہے۔انہو ں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتما م یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں آرٹ گیلری میں خطاطی کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی بھی ان کے ہمراہ تھے جس میں معروف خطاط محمد یونس انصاری کے 70سے زائد فن پارے نمائش کیلئے رکھے گئے ہیں۔یہ نمائش یوم آزادی تک عوام اور طلبا وطالبات کیلئے کھلی رہے گی۔انہو ں نے آرٹ اینڈ کلچر کے فروغ میں ساہیوال آرٹس کونسل کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز خطاطی کی نمائش سے کرنا ایک منفرد روایت کا آغاز ہے جسے جاری رکھا جانا چاہیے۔ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ریاض ہمدانی نے بتایا کہ نمائش میں خط نستعلیق‘خط نسخ اور خط ثلث سے تیار کئے گئے بیش قیمت فن پارے رکھے گئے ہیں جو شائقین کیلئے روحانی تسکین کا باعث ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں